امریکی ماہرین کی نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ روزانہ معتدل مقدار میں کافی پینا زیادہ تر بالغ افراد کے لیے دل کے لحاظ سے محفوظ ہے بلکہ بعض صورتوں میں یہ دل کی بیماریوں کے خطرات کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے 20 جولائی 2026 کو اپنے سائنسی جریدے سرکیولیشن میں شائع ہونے والے جائزے میں کیفین اور دل کی صحت سے متعلق تازہ ترین شواہد کا تجزیہ پیش کیا گیا ہے۔
تحقیق کے مطابق روزانہ 400 ملی گرام تک کیفین، جو تقریباً پانچ آٹھ اونس کے کپ کافی کے برابر ہے زیادہ تر صحت مند بالغ افراد کے لیے محفوظ سمجھی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 55 سالہ تحقیق میں انکشاف: 100 سال تک جینے کا کوئی ایک راز نہیں، بلکہ کئی عوامل اہم ہیں
جائزے کے مطابق کافی کے استعمال سے ٹائپ ٹو ذیابیطس، ایٹریئل فبریلیشن، دل کے دورے اور فالج کے خطرات میں کمی کے شواہد سامنے آئے ہیں تاہم بعض افراد میں کیفین دل کی بے ترتیب دھڑکن کی بعض اقسام کو بھی متحرک کر سکتی ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا کہ روزانہ 400 ملی گرام سے زیادہ کیفین، خصوصاً انرجی ڈرنکس کے ذریعے، صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہے اور بعض افراد میں دل کی بے ترتیب دھڑکن کا سبب بھی بن سکتی ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ کافی کے ساتھ استعمال ہونے والی چینی اور کریم کی مقدار پر بھی توجہ دی جائے۔




















