Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان کی فضائی کارروائی میں 80 سے زائد خارجی دہشت گرد ہلاک، 7 مراکز مکمل تباہ

کارروائیاں انتہائی مہارت اور درستگی کے ساتھ کی گئیں، جن کا ہدف صرف دہشت گردوں کے مراکز تھے

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان نے انٹیلیجنس اطلاعات کی بنیاد پر افغانستان کے مشرقی صوبوں ننگرہار، پکتیکا اور خوست میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 7 اہم مراکز تباہ کر دیے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں میں 80 سے زائد خارجی دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں، جبکہ مزید ہلاکتوں کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ کارروائیاں انتہائی مہارت اور درستگی کے ساتھ کی گئیں، جن کا ہدف صرف دہشت گردوں کے مراکز تھے۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق تباہ کیے گئے مراکز میں ننگرہار میں قائم “نیا مرکز نمبر 1” اور “نیا مرکز نمبر 2” شامل ہیں، جبکہ خوست میں “خارجی مولوی عباس مرکز” کو نشانہ بنایا گیا۔ اسی طرح ننگرہار میں “خارجی اسلام مرکز” اور “خارجی ابراہیم مرکز” بھی کارروائی میں تباہ ہوئے۔

پکتیکا میں “خارجی ملا رہبر” اور “خارجی مخلص یار” کے مراکز کو بھی کامیاب فضائی حملوں میں ختم کر دیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ٹھکانے پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی اور سہولت کاری کے لیے استعمال ہو رہے تھے۔ سیکیورٹی اداروں کے مطابق قومی سلامتی کو درپیش خطرات کے پیش نظر یہ کارروائیاں ناگزیر تھیں اور مستقبل میں بھی دہشت گرد عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

متعلقہ خبریں