Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

یوم عاشورہ کے موقع پر شہر قائد کے لیے ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا

شہر میں داخل ہونے والی گاڑیوں کے لیے بھی متبادل روٹس مختص کیے گئے ہیں

کراچی ٹریفک پولیس  نے یومِ عاشورہ کے موقع پر 8، 9 اور 10 محرم کے لیے خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے جس کے تحت مرکزی جلوسوں کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک کی روانی کو متبادل راستوں پر منتقل کیا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق ایم اے جناح روڈ جلوس کے اوقات میں عام ٹریفک کے لیے بند رہے گی جبکہ لیاقت آباد سے آنے والی ٹریفک کو ناظم آباد اور دیگر متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

اسی طرح سپر ہائی وے سے شہر میں داخل ہونے والی گاڑیوں کے لیے بھی متبادل روٹس مختص کیے گئے ہیں۔ ناظم آباد، گرو مندر اور سولجر بازار کے اطراف ٹریفک ڈائیورژن نافذ رہے گا۔

ٹریفک پولیس کے مطابق مرکزی جلوس کے راستوں پر صرف مجاز گاڑیوں کو داخلے کی اجازت ہوگی جبکہ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور پیشگی متبادل راستوں کے انتخاب کی ہدایت کی گئی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پارکنگ صرف مختص مقامات پر کی جائے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

کراچی ٹریفک پولیس نے مزید کہا ہے کہ تمام داخلی راستوں پر سیکیورٹی اور ٹریفک نگرانی سخت کر دی گئی ہے جبکہ شہریوں سے تعاون اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں