Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آل پاکستان پیٹرول پمپ مالکان ہڑتال کریں گے یا نہیں؟ صورتحال تضادات کا شکار ہوگئی

متضاد بیانات سامنے آنے کے بعد صورتحال غیر یقینی کا شکار ہوگئی ہے۔

اسلام آباد: آل پاکستان پیٹرول پمپ مالکان کی مجوزہ ہڑتال کے معاملے پر صورتحال تضادات کا شکار ہوگئی۔

آل پاکستان پیٹرول پمپ مالکان کی جانب سے دی گئی ہڑتال کی کال کے معاملے پر متضاد بیانات سامنے آنے کے بعد صورتحال غیر یقینی کا شکار ہوگئی ہے۔

وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کے ہمراہ ہونے والی پریس کانفرنس میں آل پاکستان پیٹرول پمپ مالکان ایسوسی ایشن کے انفارمیشن سیکرٹری نے ہڑتال مؤخر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کے بعد مسائل کے حل کے لیے مزید بات چیت جاری رکھی جائے گی۔

تاہم اس اعلان کے کچھ ہی دیر بعد آل پاکستان پیٹرول پمپ مالکان ایسوسی ایشن کے چیئرمین ہمایوں خان نے انفارمیشن سیکرٹری کے مؤقف سے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ وزیر پیٹرولیم کے ساتھ ہونے والے مذاکرات مکمل طور پر ناکام رہے ہیں۔

ہمایوں خان کا کہنا تھا کہ وزیر پیٹرولیم ان کے کسی بھی مطالبے کو تسلیم کرنے پر آمادہ نہیں، اس لیے وہ وزیر پیٹرولیم کے ہمراہ کی گئی پریس کانفرنس کو تسلیم نہیں کرتے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پیٹرول پمپ مالکان کی ہڑتال کا فیصلہ برقرار ہے اور ملک بھر میں احتجاج اور ہڑتال جاری رہے گی۔ پیٹرول پمپ مالکان متحد ہوکر اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کریں گے۔

اس سے قبل آل پاکستان پیٹرول پمپ مالکان ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان بٹ نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کا دوسرا دور بھی ناکام رہا ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ آج رات 12 بجے سے ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کرنے کا فیصلہ برقرار ہے اور ہڑتال اپنے مقررہ وقت پر شروع ہوگی۔

یاد رہے کہ وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی پریس کانفرنس کے دوران آل پاکستان پیٹرول پمپ مالکان ایسوسی ایشن کے چیئرمین ہمایوں خان اور وائس چیئرمین نعمان بٹ موجود نہیں تھے۔

متضاد اعلانات کے بعد ملک بھر میں پیٹرول پمپس کی صورتحال سے متعلق غیر یقینی پیدا ہوگئی ہے جب کہ پیٹرولیم ڈیلرز کے آئندہ لائحہ عمل پر تمام نظریں ایسوسی ایشن کی قیادت کے حتمی فیصلے پر مرکوز ہیں۔

متعلقہ خبریں