Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایران سے مذاکرات میں اہم پیشرفت ہوئی، دیرپا امن کی راہ ہموار ہوگی، محسن نقوی

فیلڈ مارشل عاصم منیر اور میری ایرانی صدر سے انتہائی مثبت اور نتیجہ خیز ملاقات ہوئی، وزیر داخلہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دورہ ایران میں اہم پیشرفت کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور میری ایرانی صدر سے انتہائی مثبت اور نتیجہ خیز ملاقات ہوئی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے ایکس اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا ہے کہ ملاقات میں ایران امریکا تنازع، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی بحالی کے لیے دونوں جانب سے ضروری اقدامات پر بھی بات ہوئی تاہم اسلام آباد ایم او یو کی بحالی تنازع کے جامع حل کی جانب پیش رفت کا باعث بن سکتی ہے۔

محسن نقوی نے بتایا کہ ملاقات میں زیر بحث امور پر انتہائی تعمیری تبادلہ خیال ہوا جبکہ  ایرانی صدر نے اپنی حکومت کے مؤقف اور تحفظات کھل کر بیان کیے۔

وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ ملاقات میں اہم پیش رفت ہوئی اور بات چیت انتہائی مثبت ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، امید ہے یہ پیش رفت مزید پیش رفت اور خطے میں دیرپا امن کی راہ ہموار کرے گی۔

واضح رہے کہ امریکا ایران تنازعہ کے خاتمے، پائیدار امن اور خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کے تحت فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران کا دورہ کیا اور مزید کشیدگی روکنے کے اقدامات پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے تفصیلی گفتگو کی۔

متعلقہ خبریں