Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

واٹس ایپ کا 4 نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان

نئی اپ ڈیٹ کے بعد صارفین پی ڈی ایف فائلیں ڈاؤن لوڈ کیے بغیر ہی واٹس ایپ میں کھول سکیں گے

 میٹا کی زیرِ ملکیت مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے صارفین کے تجربے کو مزید بہتر بنانے کے لیے چار نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جنہیں مرحلہ وار دنیا بھر کے صارفین کے لیے جاری کیا جا رہا ہے۔

واٹس ایپ کی نئی اپ ڈیٹ کے تحت اب صارفین آئی پیڈ پر براہِ راست اپنا واٹس ایپ اکاؤنٹ رجسٹر کر سکیں گے۔ اس کے لیے پہلے کسی آئی فون یا دیگر موبائل ڈیوائس سے اکاؤنٹ لنک کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ صارفین آئی پیڈ پر ہی رجسٹریشن مکمل کر کے فوری طور پر ایپ استعمال کر سکیں گے۔

کمپنی نے ایپل کار پلے اور اینڈرائیڈ آٹو  کے لیے بھی نئی سہولیات متعارف کرائی ہیں۔ ان فیچرز کی مدد سے صارفین گاڑی چلاتے ہوئے ہینڈز فری انداز میں پیغامات سن اور ان کا جواب دے سکیں گے، کالز کر سکیں گے، کال ہسٹری دیکھ سکیں گے اور گاڑی کی اسکرین سے اپنے پسندیدہ رابطوں تک آسانی سے رسائی حاصل کر سکیں گے۔

واٹس ایپ نے پی ڈی ایف فائلز کے استعمال کو بھی مزید بہتر بنایا ہے۔ نئی اپ ڈیٹ کے بعد صارفین پی ڈی ایف فائلیں ڈاؤن لوڈ کیے بغیر ہی واٹس ایپ میں کھول سکیں گے جبکہ انہیں ہائی لائٹ کرنے اور نوٹس شامل کرنے جیسی بنیادی ایڈیٹنگ سہولیات بھی دستیاب ہوں گی۔

ایک اور نئے فیچر کے تحت ایپل میوزک اور اسپاٹیفائی استعمال کرنے والے صارفین اپنے زیرِ سماعت گانے کو براہِ راست واٹس ایپ اسٹیٹس پر شیئر کر سکیں گے جس سے دوستوں اور رابطوں کے ساتھ اپنی موسیقی کی پسند کا اشتراک مزید آسان ہو جائے گا۔

واٹس ایپ کے مطابق یہ تمام نئے فیچرز مرحلہ وار دنیا بھر کے صارفین تک پہنچائے جا رہے ہیں اور آئندہ ہفتوں میں مزید صارفین کو دستیاب ہوں گے۔

متعلقہ خبریں