سعودی عرب نے دنیا بھر سے آنے والے عمرہ زائرین کے لیے بڑی سہولت کا اعلان کر دیا، ایک سالہ ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا متعارف کرا دیا گیا ہے جس کے تحت ویزا ہولڈر ایک سال کے دوران متعدد بار مملکت کا سفر کر سکیں گے۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق نئے ویزا کے اجرا کی تاریخ سے ایک سال تک اس کی مدت برقرار رہے گی، جبکہ اس ویزے پر مجموعی طور پر 90 دن تک سعودی عرب میں قیام کی اجازت ہوگی۔
نئے نظام کے تحت بیرونِ ملک سے آنے والے زائرین کو بار بار عمرہ کی ادائیگی کے لیے الگ ویزا حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی، جس سے سفر کے مراحل مزید آسان اور سہل ہو جائیں گے۔
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا کا مقصد دنیا بھر کے مسلمانوں کو زیادہ سہولت فراہم کرنا اور مذہبی سیاحت کو فروغ دینا ہے۔ یہ اقدام سعودی عرب کے وژن 2030 کے اہداف کا حصہ بھی ہے جس کے تحت زائرین کی تعداد بڑھانے اور حج و عمرہ خدمات کو جدید بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔
نئے ویزا نظام کو عمرہ زائرین کے لیے ایک اہم سہولت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے بار بار عمرہ کی خواہش رکھنے والے افراد کو آسانی حاصل ہوگی۔




















