Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ترکی کے جدید ترین جنگی طیارے نے اڑان سے پہلے بڑا مرحلہ عبور کرلیا، رن وے ٹیسٹ کامیاب

نئے پروٹوٹائپ کی رن وے پر نقل و حرکت اور دیگر اہم ٹیسٹس کامیابی سے مکمل کیے گئے

ترکیہ کے مقامی طور پر تیار کردہ جدید لڑاکا طیارے KAAN نے اپنی تیاری کے سفر میں ایک اور اہم مرحلہ مکمل کرلیا نئے پروٹوٹائپ KAAN-1 نے کامیابی کے ساتھ پری فلائٹ ٹیکسی ٹیسٹ مکمل کرلیے۔

ترک انجینئرز کے مطابق KAAN-1 اس وقت زمینی آزمائشوں کے مرحلے میں ہے، جبکہ اس سے قبل KAAN-0 دو کامیاب پروازیں کر چکا ہے۔ نئے پروٹوٹائپ کی رن وے پر نقل و حرکت اور دیگر اہم ٹیسٹس کامیابی سے مکمل کیے گئے۔

ترکی کا کہنا ہے کہ قومی ڈیزائن اور مقامی تیاری سے بننے والا KAAN مستقبل میں فضائی دفاعی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کرے گا۔ یہ طیارہ 14 میٹر پروں کی لمبائی، 6 میٹر اونچائی اور 21 میٹر لمبائی کا حامل ہے، جبکہ اس میں ایک پائلٹ کے لیے جدید کاک پٹ نصب ہے۔

KAAN کی نمایاں خصوصیات میں دو طاقتور انجن، بلند ترین حربی نقل و حرکت، ریڈار پر کم نظر آنے والی اسٹیلتھ ٹیکنالوجی، اندرونی ہتھیاروں کی تنصیب اور جدید الیکٹرانک وارفیئر صلاحیت شامل ہیں۔

ترک حکام کے مطابق یہ جنگی طیارہ مستقبل میں ڈرونز، فضائی نگرانی کے نظام اور دیگر دفاعی پلیٹ فارمز کے ساتھ مل کر کام کرنے کی صلاحیت رکھے گا۔

KAAN کو جدید نسل کے ہتھیاروں، سپرسونک رفتار پر درست حملوں، مصنوعی ذہانت اور نیورل نیٹ ورک ٹیکنالوجی کے ذریعے مستقبل کی فضائی جنگی ضروریات کے مطابق تیار کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں