فیفا ورلڈ کپ 2026 میں نیدرلینڈز کے خلاف سنسنی خیز مقابلے کے بعد ٹوکیو کی مشہور شبویا کراسنگ ایک بار پھر ہزاروں فٹبال شائقین کے سمندر میں بدل گئی جہاں خوشی، جوش اور جشن کا ایسا سماں تھا کہ پورا علاقہ لمحوں میں اسٹریٹ فیسٹیول بن گیا۔
میچ کے ڈرا ہونے پر جاپانی مداحوں نے قومی پرچم لہرا کر، نعرے لگا کر اور بارش میں بھیگتے ہوئے اپنی ٹیم کی کارکردگی کو بھرپور انداز میں سراہا۔ سڑکیں روشنیوں، آوازوں اور رنگوں سے بھر گئیں اور ہر طرف جشن کا ماحول دیکھنے کو ملا۔
لیکن اصل توجہ اس ویڈیو نے حاصل کی جس نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی جہاں صرف خوشی نہیں بلکہ غیر معمولی نظم و ضبط نے سب کو حیران کر دیا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب ٹریفک سگنل بند تھا تو شائقین نے سڑک کو مکمل طور پر جشن کے لیے استعمال کیا مگر جیسے ہی سگنل سبز ہوا، ہجوم نے فوراً راستہ چھوڑ دیا، چند لمحوں میں سڑک خالی کر دی اور ٹریفک معمول کے مطابق چلنے لگا۔
یہ منظر دیکھ کر دنیا بھر کے صارفین نے جاپانی شائقین کے رویے کو مثالی شہری تہذیب اور نظم و ضبط کی زندہ مثال قرار دیا۔ سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے لکھا کہ جشن اپنی جگہ مگر دوسروں کے حق کا احترام ہی اصل خوبصورتی ہے۔
ٹوکیو کا یہ منظر ایک بار پھر ثابت کر گیا کہ بعض اوقات کھیل سے زیادہ متاثر کن وہ رویے ہوتے ہیں جو میدان کے باہر نظر آتے ہیں۔




















