Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ٹک ٹاک پر خطرناک ڈرائیونگ کی ویڈیوز نے 7 افراد کی جان لے لی، حکومت حرکت میں آ گئی

ہلاک ہونے والوں میں دو پولیس اہلکار 37 سالہ میتھیو بلیڈز اور 38 سالہ ٹام کلاف سمیت پانچ نوجوان شامل ہیں

خطرناک ڈرائیونگ کی ٹک ٹاک ویڈیوز کی وجہ سے 7 افراد کی ہلاکت کے بعد برطانوی حکومت نے سخت ایکشن کا اعلان کردیا۔

شمال مشرقی انگلینڈ میں پولیس کے تعاقب کے دوران ایک گاڑی سڑک پر الٹی سمت میں دوڑ گئی اور پولیس کی گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک ہوگئے۔

ہلاک ہونے والوں میں دو پولیس اہلکار 37 سالہ میتھیو بلیڈز اور 38 سالہ ٹام کلاف سمیت پانچ نوجوان شامل ہیں۔

برطانوی وزیر دفاع لیوک پولارڈ نے کہا ہے کہ حکومت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو خطرناک اور غلط سمت ڈرائیونگ کی تشہیر کرنے والی ویڈیوز ہٹانے پر مجبور کرے گی۔

انہوں نے ٹک ٹاک سمیت دیگر پلیٹ فارمز پر زور دیا کہ وہ ایسی خطرناک ویڈیوز کو حکومتی کارروائی سے پہلے ہی خود ہٹائیں اور اپنے الگورتھمز کے ذریعے انہیں مزید پھیلنے سے روکیں۔

رپورٹس کے مطابق ہلاک ہونے والے 18 سالہ مکائی سیڈنگٹن کے بارے میں خطرناک ڈرائیونگ کی ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، تاہم پولیس نے لوگوں کو قیاس آرائیوں سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

حادثے میں جاں بحق پولیس اہلکاروں کے اہلخانہ نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دوسروں کی حفاظت اور خدمت کرتے ہوئے جان قربان کی۔

پولیس اہلکاروں کے اہلخانہ کے لیے قائم فنڈ میں بھی چند گھنٹوں کے دوران 2 لاکھ 50 ہزار پاؤنڈ سے زائد جمع ہوگئے۔