عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ادہانوم گیبریاسس نے اعلان کیا ہے کہ ہنٹا وائرس کی وبا کو باضابطہ طور پر ختم تصور کیا جا رہا ہے جس کے بعد عالمی سطح پر ایک بڑے خدشے کا خاتمہ ہو گیا ہے۔
یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب متاثرہ شخص کے آخری کانٹیکٹس نے قرنطینہ مکمل کیا اور تمام ٹیسٹ منفی آئے۔ وبا سے متاثرہ آخری کیس 25 مئی کو رپورٹ ہوا تھا اور اس کے بعد کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق اس وبا میں مجموعی طور پر 13 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ 650 سے زائد کانٹیکٹس کی نگرانی 33 ممالک اور خطوں میں کی گئی۔
ڈاکٹر ٹیڈروس کے مطابق اگرچہ وبا ختم ہو چکی ہے لیکن ادارہ صحت اس پر تحقیق جاری رکھے گا تاکہ اس بیماری کی بہتر سمجھ بوجھ حاصل کی جا سکے اور مستقبل میں حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ عالمی ادارہ صحت اس وقت 21 ممالک کے ساتھ ایک مشترکہ تحقیق میں بھی مصروف ہے جس کا مقصد بیماری کے پھیلاؤ کو سمجھنا اور مستقبل کے لیے بہتر تشخیص، علاج اور ویکسین کی تیاری میں مدد فراہم کرنا ہے۔




















