Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حج 2027 کے خواہشمند افراد کے لیے اہم اعلان، رجسٹریشن کا عمل کب شروع ہو گا؟

حج پیکجز کے اخراجات، شرائط اور دیگر تفصیلات نئی حج پالیسی کی منظوری کے بعد علیحدہ طور پر جاری کی جائیں گی

حج 2027 کی سعادت حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے اہم پیش رفت سامنے آگئی ہے وزارتِ مذہبی امور نے سعودی ہدایات کے مطابق آئندہ حج انتظامات کی تیاریوں کا آغاز کرتے ہوئے لازمی رجسٹریشن شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ترجمان وزارتِ مذہبی امور کے مطابق حج 2027 کے لیے ابتدائی رجسٹریشن کا عمل رواں ماہ شروع کیا جائے گا جس میں شرکت کے لیے امیدواروں کے پاس کارآمد پاکستانی پاسپورٹ ہونا ضروری ہوگا۔

وزارت نے واضح کیا ہے کہ حج رجسٹریشن کرانے والے افراد کے پاس ایسا پاسپورٹ ہونا چاہیے جس کی میعاد کم از کم 16 نومبر 2027 تک برقرار ہو۔ اس سلسلے میں عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر ان کا پاسپورٹ موجود نہیں یا اس کی مدت ختم ہونے کے قریب ہے تو وہ فوری طور پر نیا پاسپورٹ بنوا لیں یا تجدید کروا لیں۔

ترجمان کے مطابق رجسٹریشن مکمل کرنے والے افراد کو بعد ازاں سرکاری یا نجی حج اسکیم میں شمولیت کا انتخاب کرنے کا حق حاصل ہوگا۔ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بھی حج 2027 کی رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے۔

وزارتِ مذہبی امور کا کہنا ہے کہ حج پیکجز کے اخراجات، شرائط اور دیگر تفصیلات نئی حج پالیسی کی منظوری کے بعد علیحدہ طور پر جاری کی جائیں گی۔

حکام کے مطابق بروقت رجسٹریشن کا مقصد آئندہ حج کے انتظامات کو مزید منظم اور شفاف بنانا ہے تاکہ عازمین کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

متعلقہ خبریں