واشنگٹن: امریکا نے کینیڈا سے درآمد گاڑیوں، آٹو پارٹس اور اسٹیل پر 50 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کردیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ کینیڈا برسوں سے امریکا کو تجارتی طور پر نقصان پہنچارہا ہے۔
امریکی صدر کا کہنا ہے کہ امریکی کسانوں اور زرعی مصنوعات پر زیادہ ٹیرف نے کسانوں کے لیے مشکلات پیدا کیں، امریکا اور کینیڈا کے درمیان 60 ارب ڈالر کے تجارتی خسارے کو مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔
صدر ٹرمپ نے اعلان کیا کہ یکم جنوری 2027 سے کینیڈا سے درآمد گاڑیوں، آٹو پارٹس اور اسٹیل پر 50 فیصد ٹیرف کردیں گے جب کہ امریکا میں تیار گاڑیوں اور دیگر متعلقہ مصنوعات پر کوئی ٹیرف نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ کینیڈا کے ساتھ اب امریکا کی ریاست کی طرح برتاؤ نہیں کیا جائے گا، ہمیں کینیڈا کی ضرورت نہیں بلکہ کینیڈا کو ہماری ضرورت ہے۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ کینیڈا اپنی 95 فیصد تجارت امریکا کے ساتھ کرتا ہے جب کہ امریکا کینیڈا پر انحصار نہیں کرتا۔
واضح رہے کہ کینیڈا نے امریکا کے خلاف 8 ستمبر سے نئی ٹیرف پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔


















